مری میں سکول وین سڑک سے نیچے جاگری، 10 بچے جھلس کر زخمی

مری میں لوئر موہڑا بڑا ہوتر کے قریب سکول کے بچوں کو لے جانے والی وین بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جاگری، جس کے بعد گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں 10 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی قریبی ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وین میں سوار بچوں کو بحفاظت باہر نکالا اور زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ریسکیو حکام کے مطابق تمام زخمی بچوں کو مزید طبی امداد کے لیے سول ہسپتال مری منتقل کردیا گیا، جبکہ ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ ٹیم نے وین میں لگی آگ پر قابو پالیا اور جائے وقوعہ پر کولنگ کا عمل بھی مکمل کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مری میں وین حادثے کے نتیجے میں طلبہ کے جھلس کر زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔مریم نواز شریف نے ابتدائی رپورٹ میں اوور لوڈنگ اور آتشزدگی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی انتظامات نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سکول وینز میں حفاظتی انتظامات اور فٹنس کے معاملے پر زیرو ٹالرنس اپنانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سکول وین سیفٹی کے حوالے سے واضح احکامات کے باوجود ان پر عملدرآمد نہ ہونا افسوسناک اور تکلیف دہ امر ہے۔ انہوں نے زخمی بچوں کے علاج معالجے کی نگرانی کے لیے کمشنر راولپنڈی کو بھی ہدایات جاری کیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے