ٹرمپ نے سعودی ولی عہد کی حوثیوں کے خلاف کارروائی کی درخواست مسترد کردی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حوثیوں کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کی درخواست مسترد کردی۔امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق بحیرہ احمر میں حوثیوں سے لاحق خطرے کے معاملے پر سعودی ولی عہد نے گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ سے دو مرتبہ ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان پر زور دیا کہ امریکا حوثیوں کے خلاف کارروائی کرے، تاہم ٹرمپ نے اس درخواست کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے امریکی فوج کو ایران اور آبنائے ہرمز پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ امریکی صدر یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائی کرکے ایک اور محاذ کھولنے سے گریزاں ہیں۔ایکسیوس کے مطابق امریکا سعودی عرب کو حوثیوں کے خلاف انٹیلی جنس اور ممکنہ اہداف سے متعلق معلومات فراہم کرے گا، جبکہ بحیرہ احمر میں آزادانہ آمدورفت کے تحفظ پر بھی توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ حوثیوں سے نمٹنے کے لیے علاقائی اتحادیوں کو زیادہ فعال کردار دینے کی حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی عسکری اور سول حکام نے حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی حکام سے مسلسل رابطے کیے ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر بھی ہنگامی رابطہ اجلاسوں کے لیے گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے۔امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق واشنگٹن میں سعودی سفارتخانے اور وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب میں یمن کی حوثی جماعت انصاراللہ کی جانب سے حملے کیے گئے تھے، جن کے نتیجے میں 73 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے