گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرائے بڑھانے کا اعلان، دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی
کراچی: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے 5 فیصد کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے مقررہ مدت میں مطالبات پر مؤثر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز مذمت کرتے ہیں، اس لیے 5 فیصد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں۔ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ 17 روز میں ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے اور اسے فوری طور پر واپس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 8 اگست سے 17 اگست تک ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیرِ پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ملک شہزاد اعوان کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے اپنی ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی، تاہم گڈز ٹرانسپورٹرز کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مقررہ مدت کے دوران ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر مؤثر پیش رفت نہ ہوئی تو دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی کال دی جاسکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں