آزاد کشمیر میں نظام بدلنے کا عزم، افتخار گیلانی کا بڑا اعلان

مظفرآباد: نومنتخب وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر محض زمین کے ایک ٹکڑے کا مسئلہ نہیں، جب تک بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کرتا، مسئلہ کشمیر ختم نہیں ہوگا۔آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار گیلانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اور 5 اگست 2019 کے بھارتی جبری اقدامات کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قائداعظم کا یہ قول سنتے سنتے یہاں تک پہنچے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستان کشمیر کے بغیر اور کشمیر پاکستان کے بغیر ادھورا ہے۔نومنتخب وزیراعظم نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرحدوں پر چوکس کھڑے جوانوں کی وجہ سے ہم چین سے سوتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا۔افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ بھارت کے دانت کھٹے ہوئے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر کشمیری کا سینہ چوڑا ہے، جبکہ کشمیریوں کے لیے مضبوط پاکستان ہی ان کی آزادی کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے، دو اضلاع میں انتخابات نہیں ہوئے، تاہم بہت جلد سدھنوتی اور پونچھ میں انتخابات ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون ساز اسمبلی 7 نشستوں کے بغیر ادھوری ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مہنگائی، روزگار اور نوجوانوں کے مستقبل کا سوال اہم ہے اور حکومت کو ان مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔ صرف تقریروں سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ پنجاب میں تعمیر و ترقی کے ماڈل کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے اور خواہش ہے کہ اسی طرز کا ماڈل آزاد کشمیر میں بھی بنایا جائے۔افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت میں تقرریوں کا نظام شفاف ہونا چاہیے۔ مسلم لیگ ن نے 2016 سے 2021 تک جو میرٹ قائم کیا تھا، اسے آگے بڑھایا جائے گا۔ زراعت، لائیو اسٹاک اور سیاحت آزاد کشمیر کے اہم شعبے ہیں اور ان شعبوں کو مزید ترقی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے تحت روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں گے۔ آنے والے چند سالوں میں ملازمتوں کی نوعیت تبدیل ہورہی ہے، اس لیے نئی ٹیکنالوجی اور جدید طریقے اپنانا ہوں گے تاکہ روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جاسکے۔نومنتخب وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں مزید اصلاحات لائی جائیں گی تاکہ عوام کا اعتماد بڑھے، جبکہ صحت کا نظام بہتر بنانے کی بھی کوشش کی جائے گی تاکہ لوگوں کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ چند دنوں میں کابینہ تشکیل دی جائے گی۔افتخار گیلانی نے بیوروکریسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی نظام کی خامیوں کی نشاندہی کرنا ہوگی۔ انہوں نے ایوان سے وعدہ کیا کہ نہ خود آرام سے بیٹھیں گے اور نہ اپنی ٹیم کو بیٹھنے دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ نظام کی خامیوں کی نشاندہی کرکے پٹواری کلچر اور تھانے کے کلچر کو جدید بنایا جائے گا تاکہ کسی شہری کو اپنے جائز کام کے لیے کسی کی سفارش کی ضرورت نہ پڑے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے