یومِ آزادی میں ایک دن باقی، سبز ہلالی پرچموں کی بہار

نیوز ڈیسک:پاکستان بھر میں یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور 14 اگست سے ایک روز قبل ملک بھر میں جشن کا سماں ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں سرکاری عمارتوں، گھروں اور بازاروں کو سبز ہلالی پرچموں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے۔جشنِ آزادی کے لیے سجائے گئے بازاروں میں شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ دکانوں اور عارضی اسٹالز پر قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، ٹوپیاں، گھڑیاں اور دیگر آرائشی اشیا فروخت کی جا رہی ہیں، جبکہ بچے سبز و سفید ملبوسات، ماسک اور چاند تارے والی شرٹس میں خاص دلچسپی لے رہے ہیں۔شہری اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو قومی پرچموں سے سجانے کے لیے خریداری کر رہے ہیں، جبکہ خواتین اور بچیاں سبز ہلالی رنگ کی چوڑیاں اور جیولری بھی خرید رہی ہیں۔والدین بچوں کو خریداری کے ساتھ یومِ آزادی کی اہمیت اور وطن سے محبت کا درس بھی دے رہے ہیں۔ بچوں کا کہنا ہے کہ وہ 14 اگست کو سبز و سفید لباس پہن کر دوستوں کے ساتھ بھرپور انداز میں جشن منائیں گے۔ایک جانب شہری جشنِ آزادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں تو دوسری جانب عارضی اسٹالز لگانے والے دکاندار بھی خوب کاروبار کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے