ہیڈ لائن: ڈسکوز کی نجکاری میں صارفین کا مفاد اولین ترجیح ہو، وزیراعظم شہباز شریف

سلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی ترسیلی کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔وزیراعظم کی زیر صدارت ڈسکوز کی نجکاری اور پرائیویٹائزیشن کمیشن کی اصلاحاتی تنظیم نو سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجکاری کے مختلف مراحل اور ادارہ جاتی اصلاحات پر غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے اندرون و بیرون ملک منعقد کیے گئے کامیاب روڈ شوز حوصلہ افزا ہیں اور ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت، طے شدہ قواعد اور بہترین حکمت عملی کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔شہباز شریف نے کہا کہ نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل کیے جائیں تاکہ ادارے کی استعداد کار میں اضافہ ہو اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نجکاری کے ہر مرحلے میں بہترین پیشہ ورانہ صلاحیت رکھنے والے کنسلٹنٹس کی تجاویز کو شامل کیا جائے، جبکہ درکار قانونی انتظامات اور مالیاتی ریگولیٹری فریم ورک کی بروقت تکمیل بھی یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے اور نجکاری کے بعد متعلقہ اداروں میں صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے جامع اور مؤثر انتظامی نظام قائم کیا جائے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل بجلی کی ترسیلی کمپنیوں گیپکو، فیسکو اور آئیسکو میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے اندرون و بیرون ملک روڈ شوز مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ ترکیہ، سعودی عرب اور چین میں سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطوں کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔بریفنگ میں نجکاری کمیشن کی جانب سے پہلے مرحلے کی تکمیل کے لیے کیے گئے اقدامات اور ادارہ جاتی تنظیم نو کے تحت عالمی معیار کی افرادی قوت کی شمولیت پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے