محمد عباس کی تباہ کن بولنگ، ویسٹ انڈیز 181 رنز پر ڈھیر، پاکستان کو جیت کے لیے 211 رنز درکار
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز 29 رنز کی برتری کے ساتھ شروع کی، تاہم پاکستانی بولرز کے سامنے اس کی بیٹنگ لائن زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی۔ تاگی نارائن چندر پال 35 اور جسٹن گریوز 20 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ کپتان روسٹن چیس صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
تیسرے روز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا کر مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل کر رکھی تھی۔
چوتھے روز کھیل کے آغاز پر میزبان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 181 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ شمار جوزف 38 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ کیمار روچ نے 18، شائی ہوپ 10، برینڈن کنگ 5 اور عامر جنگو 4 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں اور ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز سمیٹنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
ویسٹ انڈیز کو دوسری اننگز میں محدود کرنے کے بعد پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کے لیے 211 رنز کا ہدف ملا ہے، جس کے باعث میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں