ماہرہ خان سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو لندن میں غزہ کے متاثرین کے لیے منعقدہ فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر ملے جلے ردِعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تقریب کا مقصد غزہ کے متاثرین کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا، جس میں ماہرہ خان نے معروف ڈیزائنر ثانیہ مسکاتیا کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد مداحوں نے ان کے انداز، خوش اخلاقی اور غزہ کے لیے فنڈ ریزنگ میں شرکت کو سراہا۔ تاہم بعض صارفین نے اداکارہ کے ماضی میں کیے گئے چند عالمی برانڈز کے اشتہارات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے مؤقف پر سوالات اٹھائے۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ فلسطین کی حمایت کے ساتھ ایسے برانڈز کی تشہیر کس حد تک مطابقت رکھتی ہے جنہیں بعض حلقے اسرائیل سے منسلک قرار دیتے ہیں۔ کچھ صارفین نے تقریب کے انداز پر بھی اعتراض کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا یہ تقریب واقعی غزہ کے لیے فنڈ ریزنگ پر مرکوز تھی یا اس میں ماہرہ خان کی شخصیت، رقص، فن پاروں اور آئندہ منصوبوں کو زیادہ نمایاں کیا گیا۔ دوسری جانب بڑی تعداد میں مداحوں نے اداکارہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے لیے فنڈ ریزنگ میں ان کی شرکت ایک مثبت اقدام ہے اور اسے اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں