جنگ میں امریکا کو کوئی کامیابی نہیں ملی: خامنہ ای
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جنگ میں شامل ہوکر امریکا کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ٹی وی پر خطاب میں کہا کہ امریکا جنگ میں اس لیے شامل ہوا کیونکہ اسے لگا کہ اگر وہ جنگ میں شامل نہ ہوتا تو اسرائیل تباہ ہوجاتا لیکن ایران کے خلاف اسرائیلی جنگ میں شامل ہوکر امریکا کو کوئی کامیابی نہیں ملی، امریکا نے ہماری جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا لیکن وہ کچھ زیادہ حاصل نہیں کر سکا، امریکی صدرٹرمپ شومین شپ چاہتے تھے۔
خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایران کا بڑے امریکی فوجی اڈوں تک رسائی حاصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے، دوبارہ جارحیت ہوئی تو مستقبل میں بھی جواب دیں گے۔ ٹرمپ نے ایک تقریر میں کہا ایران کو ہتھیار ڈالنے چاہئیں، ایران کے دشمن درحقیقت ہمارے ہتھیار ڈالنے کے خواہاں ہیں مگر ہم ہتھیارکبھی نہیں ڈالیں گے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہاکہ بلند وبانگ دعووٰں کے باوجود ایرانی حملوں میں صیہونی ریاست پاش پاش ہوگئی، ایران کے خلاف جارحیت کرنےوالوں کو آگے بھی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست کے خلاف فتح پر ایرانی عوام کو مبارک باد دیتا ہوں، 9کروڑ نفوس پر مشتمل قوم، متحد، ایک آواز اور شانہ بشانہ کھڑی ہو کر افواج کی حمایت میں پیش پیش رہی۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کا بتانا ہے کہ ایرانی گارڈین کونسل نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ ایران کے تعاون کو معطل کرنے کے پارلیمانی بل کی توثیق کردی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں