انسٹاگرام اور واٹس ایپ سروس کی بندش کی شکایات

ملک بھر میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے واٹس ایپ اور انسٹاگرام ایپلی کیشن کی بندش کی شکایات اب بھی آرہی ہیں ۔

انٹرنیٹ کی بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق واٹس ایپ صارفین کی جانب سے کہا گیا کہ ایپلی کیشن کے ذریعے تصاویر ڈاؤن لوڈ کرنے اور کسی دوسرے صارف کو بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہے جب کہ وائس نوٹ بھیجنے میں بھی کافی وقت لگ رہا ہے۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے مزید کہا کہ نیٹ ورک فراہم کرنے والے زونگ اور پی ٹی سی ایل نے بھی صبح سے بندش کی اطلاع دی تھی۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے اس معاملے پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا۔

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اگست میں ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز ’اکتوبر کے شروع‘ تک سست رہنے کی توقع ظاہر کی تھی، پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انٹرنیٹ میں سست روی کی اصل وجہ سب میرین کبیل ہے جس کی مرمت اکتوبر تک کردی جائے گی۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست روی بنیادی طور پر پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر جوڑنے والی 7 بین الاقوامی سب میرین کیبلز میں سے دو (ایس ایم ڈبلیو-4 اور اے اے ای-1) میں خرابی کی وجہ سے ہے‘۔

ٹیلی کام اتھارٹی نے مزید کہا کہ ایس ایم ڈبلیو-4 سب میرین کیبل میں خرابی اکتوبر 2024 کے اوائل تک ٹھیک ہونے کا امکان ہے جب کہ سب میرین کیبل اے اے ای-1 کی مرمت کر دی گئی ہے جس سے انٹرنیٹ صارفین کی مشکلات میں کمی آئے گی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے