باسکٹ بال کی تاریخ کی ناقابل یقین غلطی
امریکی کالج ویمنز باسکٹ بال کے ایک میچ میں ایسا غیر معمولی واقعہ پیش آیا جس نے شائقین اور کمنٹیٹرز کو حیران کردیا۔ نیو میکسیکو اسٹیٹ اور سدرن یوٹاہ کے درمیان مقابلے میں ایک کھلاڑی نے غلطی سے اپنی ہی ٹیم کے باسکٹ میں گیند ڈال دی۔جمعے کو کھیلے گئے میچ کے آخری کوارٹر میں صرف 20 سیکنڈ باقی تھے اور نیو میکسیکو اسٹیٹ کو 60 کے مقابلے میں 61 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی۔ اسی دوران ٹیم کی کھلاڑی ایما کرسٹیانو نے حریف ٹیم کا پاس روکا اور تیزی سے آگے بڑھتے ہوئے گیند باسکٹ میں ڈال دی، تاہم یہ حریف ٹیم کے بجائے ان کی اپنی ٹیم کا باسکٹ تھا۔ابتدائی طور پر کمنٹیٹر نے اسے نیو میکسیکو اسٹیٹ کے لیے مزید پوائنٹس قرار دیا، لیکن دوسرے کمنٹیٹر نے فوری طور پر غلطی کی نشاندہی کردی۔ ایما کرسٹیانو بھی ابتدا میں اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتی دکھائی دیں، تاہم حقیقت سامنے آنے پر انہوں نے شرمندگی سے اپنا چہرہ ہاتھوں میں چھپا لیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس غلطی کے باوجود نیو میکسیکو اسٹیٹ کی کھلاڑیوں نے آخری لمحات میں شاندار واپسی کی اور دو باسکٹ اسکور کیے۔ اسٹیسی چووینو نے کھیل ختم ہونے سے صرف دو سیکنڈ قبل فیصلہ کن باسکٹ کرکے اپنی ٹیم کو 63 کے مقابلے میں 64 پوائنٹس سے کامیابی دلادی۔حیرت انگیز طور پر اسی روز آرکنساس میں کھیلے گئے ایک اور میچ کے دوران بھی ایک کھلاڑی نے غلطی سے اپنی ہی ٹیم کے باسکٹ میں گیند ڈال دی، جس کے باعث یہ واقعہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں