اسماء عباس کا والد کی دو شادیوں سے متعلق انکشاف

پاکستانی اداکارہ اسماء عباس نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد، معروف ادیب و صحافی احمد بشیر نے دو شادیاں کی تھیں اور ان کی والدہ ان کی دوسری اہلیہ تھیں۔حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران اسماء عباس نے اپنے والد کی نجی زندگی سے متعلق ایسے واقعات بیان کیے جن سے بہت کم لوگ واقف ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد احمد بشیر کی پہلی شادی والدین کی پسند سے ان کی ایک کزن کے ساتھ ہوئی تھی، تاہم وہ اس رشتے پر رضامند نہیں تھے۔ نکاح کے بعد وہ اپنے دوست کے گھر چلے گئے، جہاں ان کے دوست نے پہلی اہلیہ سے طلاق کے معاملے میں ان کی مدد کی۔ بعدازاں احمد بشیر نے اسماء عباس کی والدہ سے شادی کرلی۔ اداکارہ کے مطابق ان کے والدین بھی آپس میں رشتے دار تھے۔اسماء عباس نے بتایا کہ ان کے والد اپنی اہلیہ سے بے حد محبت کرتے تھے اور ان کے بغیر نہیں رہ سکتے تھے۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔اداکارہ کے مطابق جب ان کی والدہ کے ہاں پہلی اولاد، ادیبہ نیلم بشیر، کی پیدائش ہوئی تو وہ اپنے میکے چلی گئیں۔ اس دوران احمد بشیر نے اصرار کیا کہ ان کی اہلیہ فوری طور پر واپس آجائیں، تاہم والدہ نے فوراً واپسی سے انکار کردیا۔اسماء عباس کے مطابق والد نے اہلیہ کو واپس بلانے کے لیے طلاق کی دھمکی دی اور انہیں طلاق کا جعلی نوٹس بھی بھجوا دیا۔ نوٹس ملنے پر ان کی والدہ خوف زدہ ہوگئیں اور فوراً گھر واپس آگئیں، جہاں انہیں معلوم ہوا کہ طلاق کا نوٹس حقیقت میں جعلی تھا۔واضح رہے کہ اسماء عباس کا تعلق پاکستان کے ایک معروف فنکارانہ اور ادبی خاندان سے ہے۔ ان کی بہن بشریٰ انصاری ملک کی صفِ اول کی فنکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، جبکہ ان کی دیگر بہنوں نیلم، ادیبہ اور سنبل کا بھی فنونِ لطیفہ سے تعلق رہا۔ اداکارہ سنبل کا انتقال 2021 میں کورونا وائرس کے باعث ہوا تھا۔اسماء عباس کے والد احمد بشیر معروف ادیب اور صحافی تھے، جنہوں نے پاکستان کے علمی و ادبی حلقوں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے