ٹام کروز کو لائف اچیومنٹ ایوارڈ دینے کا اعلان، تقریب 2027 میں ہوگی

ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز کو فلمی دنیا میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں امریکن فلم انسٹیٹیوٹ (اے ایف آئی) کے لائف اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز ان کے طویل فلمی کیریئر اور بطور اداکار و پروڈیوسر خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔ٹام کروز کو یہ ایوارڈ 24 اپریل 2027 کو لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب کے دوران پیش کیا جائے گا۔امریکن فلم انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی چیئرپرسن کیتھلین کینیڈی نے ٹام کروز کو عالمی شہرت یافتہ شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بطور اداکار اور پروڈیوسر اپنے ہر کام میں غیر معمولی لگن، محنت اور وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ٹام کروز نے اپنے فلمی کیریئر میں متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی مشہور فلموں میں ’جیری میگوائر‘، ’رسکی بزنس‘ اور ’ٹاپ گن‘ شامل ہیں، جبکہ ’مشن امپاسیبل‘ فلم سیریز نے انہیں دنیا بھر میں غیر معمولی مقبولیت دلائی۔ ایکشن فلموں میں ان کے منفرد انداز اور خطرناک مناظر خود کرنے کے شوق نے بھی انہیں ہالی ووڈ کی نمایاں شخصیات میں شامل کیا ہے۔64 سال کی عمر میں بھی ٹام کروز فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے اور اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے مسلسل کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ لائف اچیومنٹ ایوارڈ ان کے طویل کیریئر اور عالمی سنیما میں خدمات کا اعتراف ہوگا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے