برطانوی وزیر دفاع کا شہریوں کو تین دن کا راشن ذخیرہ کرنے کی ہدایت
لندن: برطانیہ کے وزیر دفاع ویس اسٹریٹنگ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کم از کم تین دن کا کھانا، پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی اشیا اپنے گھروں میں ذخیرہ رکھیں۔برطانوی وزیر دفاع کے مطابق جدید اور پیچیدہ سائبر حملوں کے باعث روزمرہ کی ضروری خدمات اور سپلائی چین متاثر ہونے کے خدشات بڑھ رہے ہیں، اس لیے گھرانوں اور کاروباری اداروں کو کسی بھی ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری کرنی چاہیے۔برطانوی نشریاتی ادارے ایل بی سی کے مطابق ویس اسٹریٹنگ نے جمعرات کو کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ شہری اور کاروباری ادارے ہنگامی صورت حال میں اپنی تیاریوں کا جائزہ لیں اور یہ جانیں کہ اگر ضروری خدمات عارضی طور پر بند ہوجائیں تو انہیں کیا اقدامات کرنے ہوں گے۔ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سافٹ ویئر میں سیکیورٹی کی ایک سنگین خامی کے باعث برطانیہ کی 32 سرکاری آن لائن خدمات عارضی طور پر آف لائن کرنا پڑیں۔ رپورٹ کے مطابق سائبر جرائم پیشہ افراد نے اس خامی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، جبکہ دنیا بھر میں ادارے اس مسئلے کا حل تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ویس اسٹریٹنگ نے خبردار کیا کہ اگر کسی سپر مارکیٹ میں ادائیگی کا نظام بند ہوجائے یا دشمن ریاستوں اور دہشت گردوں کی کارروائیوں کے باعث ضروری اشیا کی ترسیل متاثر ہو تو شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ہنگامی حالات کے لیے تیار رہنے کی ترغیب دینے کا مقصد خوف پھیلانا نہیں، بلکہ شہریوں کو چوکس رکھنا اور ممکنہ بحران کے دوران گھبراہٹ سے بچانا ہے۔سابق وزیر خارجہ نے بھی حمایت کردیبرطانیہ کے سابق وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے بھی شہریوں کو ضروری اشیا ذخیرہ کرنے کا مشورہ دینے کی حمایت کی ہے۔ ان کے مطابق برطانوی بنیادی ڈھانچے کو روزانہ مختلف نوعیت کے خطرات کا سامنا رہتا ہے، اس لیے ان خطرات کو سنجیدگی سے لینا اور ان سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ضروری ہے۔دوسری جانب برطانوی فوج کے سربراہ جنرل سر رولی واکر نے بھی گزشتہ ہفتے خبردار کیا تھا کہ ملک کو مستقبل میں دفاعی خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کو قومی دفاع کے لیے ممکنہ قربانیوں اور ذمہ داریوں کے حوالے سے گفتگو کے لیے تیار رہنا چاہیے۔برطانوی حکام کے ان بیانات میں سائبر حملوں، ضروری خدمات کی بندش اور قومی سلامتی سے متعلق خدشات کے پیش نظر شہریوں کو پیشگی تیاری کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں