یوٹیوب کی نئی اپ ڈیٹ، صارفین اپنی پسند کی کسٹم فیڈز بنا سکیں گے

نیویارک: ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس کے لیے متعدد نئی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد ہوم پیج کا تجربہ بہتر بنانا اور صارفین کے لیے اپنی دلچسپی کے موضوعات سے متعلق ویڈیوز تلاش کرنا آسان بنانا ہے۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’9 ٹو 5 گوگل‘ کی رپورٹ کے مطابق نئی تبدیلیوں میں ایپ کی ٹاپ بار کا نیا ڈیزائن اور اپنی مرضی کی کسٹم فیڈز بنانے کا فیچر نمایاں ہیں۔رپورٹ کے مطابق یوٹیوب سبسکرپشنز کے ٹیب کو اسکرین کے نچلے حصے سے منتقل کرکے اوپر ٹاپ بار میں جگہ دے رہا ہے۔ ہوم بٹن کے ساتھ سبسکرپشنز کا نیا بٹن بھی دکھائی دے گا، جس کے نیچے سرخ لکیر موجود ہوگی۔اس کے علاوہ لائیو میوزک اور موویز اینڈ ٹی وی جیسی نئی فیڈز بھی ٹاپ بار میں نظر آئیں گی، تاکہ صارفین اپنی دلچسپی کے مطابق مواد تک زیادہ آسانی سے رسائی حاصل کرسکیں۔نئی اپ ڈیٹ میں سب سے اہم اضافہ پلس (+) بٹن ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی پسند کے موضوعات پر مبنی کسٹم فیڈ بنا سکیں گے۔ اس فیچر کی مدد سے صارفین کوئی مخصوص موضوع منتخب کرکے ایسی فیڈ تیار کرسکیں گے، جس میں اسی موضوع سے متعلق ویڈیوز دکھائی جائیں گی۔ اس طرح انہیں اپنی دلچسپی کا مواد دیکھنے کے لیے بار بار تلاش کرنے کی ضرورت کم پڑے گی۔رپورٹ کے مطابق یوٹیوب مفت استعمال کرنے والے صارفین زیادہ سے زیادہ تین فعال کسٹم فیڈز محفوظ کرسکیں گے، جبکہ یوٹیوب پریمیم کے صارفین کو آٹھ فیڈز محفوظ کرنے کی سہولت ملے گی۔کسٹم فیڈز کا فیچر ابتدائی طور پر امریکا میں صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے بعد اسے دیگر ممالک میں بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ان تبدیلیوں کے ذریعے یوٹیوب صارفین کو اپنی پسند کے موضوعات کے مطابق ویڈیوز دیکھنے اور ایپ کے ہوم پیج کو زیادہ بہتر انداز میں استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنا چاہتا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے