آبنائے ہرمز کی بندش، میکرون خلیجی ممالک کے دورے پر پہنچ گئے

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی متاثر ہونے کے تناظر میں سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، جہاں صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ان کا استقبال کیا۔عرب میڈیا کے مطابق ایمانوئل میکرون کی ابوظہبی آمد پر ہوائی اڈے پر باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات اور فرانس کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ اعزازی دستے نے فرانسیسی صدر کو سلامی پیش کی۔ایمانوئل میکرون 19 سے 21 اکتوبر تک کویت، متحدہ عرب امارات، بحرین اور قطر کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کے اس دورے کو خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور توانائی کی عالمی منڈی کو درپیش مشکلات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔دورے کا ایک اہم مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی بحال کرنے اور توانائی کی ترسیل کے راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے خلیجی ممالک کی قیادت سے مشاورت کرنا ہے۔ فرانس خطے کے ممالک کے ساتھ دفاع، سلامتی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ نئی ٹیکنالوجی، علاقائی سلامتی اور استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ میکرون کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خلیجی ممالک خطے میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی توانائی کی ترسیل معمول پر لانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر رہے ہیں۔دوسری جانب خلیجی ممالک کی جانب سے ایران پر جنگ بندی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کی اپیل کے بعد روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف بھی آج تہران پہنچ گئے ہیں۔واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث خطے میں توانائی کی تنصیبات اور سمندری نقل و حمل کو خطرات لاحق ہیں۔ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بندش یا تعطل سے عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی متاثر ہونے اور قیمتوں میں اضافے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے