ڈی آئی خان میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش کار بم دھماکا، 11 شہید
ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں پولیس چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارود سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ سے ٹکرایا گیا، جس کے نتیجے میں انتہائی شدید دھماکا ہوا۔ واقعے کی ابتدائی تصدیق ریسکیو 1122 اور پولیس ذرائع کی جانب سے کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق دھماکے میں 11 افراد شہید ہوئے، جن میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور 2 سالہ بچہ شامل ہیں۔ دھماکے میں پولیس اور کسٹمز اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کردیا جبکہ دھماکے سے متعلق شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق حملے میں انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حملے کی ذمہ داری اور اس میں ملوث عناصر کے بارے میں تاحال حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں