27 ستمبر احتجاج کی تیاری تیز، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کے لیے رابطے شروع
اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں نے 27 ستمبر کے احتجاج کی بھرپور تیاری کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے، جس میں ملکی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے چیمبر میں ہوا، جس میں بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی، جبکہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس نے تحریک انصاف کو احتجاج کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔اپوزیشن نے ملکی حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ بھی کیا۔ کانفرنس میں ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اور اجتماعی لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔دریں اثنا تحریک تحفظ آئین کا اجلاس 15 ستمبر کو طلب کرلیا گیا ہے، جس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں اور آئندہ کی حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔دوسری جانب وزیراعظم کے خط کے بعد اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے دفاتر کے درمیان رابطوں کا آغاز ہوگیا ہے، جبکہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات طے کرنے کے لیے بھی مشاورت شروع کردی گئی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے بھی ملاقات کی، جس میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس شریک ہوئے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کے مارچ سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔یوں 27 ستمبر کے احتجاج کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سیاسی رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ بھی تیز ہوگیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں