ملائیشین وزیر داخلہ کا پاکستان کا دورہ، اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں

اسلام آباد: (گل بات) ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتوک سری سیف الدین نصر بن اسماعیل نے وفد کے ہمراہ سینیٹ، قومی اسمبلی اور نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر سے ملاقاتیں کیں۔ملائیشین وزیر داخلہ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے بالخصوص تجارت اور معیشت، باہمی قانونی معاونت اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر گفتگو کی، جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور بھی زیر بحث آئے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، طلال چودھری اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے وفد کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پارلیمانی، سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور دفاعی روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے بہترین سیاسی تعلقات کو مضبوط تجارتی و اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ہوگا۔ انہوں نے ملائیشین سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ملاقات میں پاک ملائیشیا کے تاریخی، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا اور دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے ملائیشیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور تقریباً 5 ہزار پاکستانی طلبہ کے کردار کو سراہا اور تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے ملائیشین سرمایہ کاروں کو ایس آئی ایف سی کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان، وسط ایشیا اور مغربی چین تک رسائی کا دروازہ بن سکتا ہے۔ملاقات میں سیمی کنڈکٹر، افرادی قوت اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی بھی تجویز دی گئی۔ قیدیوں کی بین الاقوامی منتقلی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے فوجداری معاملات میں باہمی قانونی معاونت کے معاہدے پر پیش رفت کی امید بھی ظاہر کی گئی۔ملائیشین وزیر داخلہ کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات میں پارلیمانی وفود کے تبادلوں، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی روابط کے فروغ پر زور دیا گیا۔سردار ایاز صادق نے ملاقات کے دوران علاقائی امن، افغانستان سے دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز پر بات کی۔ ملائیشین وزیر داخلہ نے پاکستان کی میزبانی کو سراہتے ہوئے تنازعات کے سفارتی حل اور ایران امریکا کشیدگی کے دوران پاکستان کے امن اور سفارت کاری کے کردار کی تعریف کی۔دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے