کرینہ کپور کے تیسرے حمل کی افواہ دم توڑ گئی
ممبئی: (گل بات) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کے تیسری بار ماں بننے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی، تاہم اداکارہ کے قریبی ذرائع نے ان افواہوں کو مسترد کردیا ہے۔کرینہ کپور کی جم کے باہر بنائی گئی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں وہ ورزش کے لباس میں اپنی گاڑی کی طرف جاتی دکھائی دے رہی ہیں۔ ویڈیو میں اداکارہ کے جسمانی وزن میں معمولی تبدیلی محسوس کیے جانے کے بعد بعض صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کردیں کہ شاید کرینہ کپور اپنے تیسرے بچے کی توقع کر رہی ہیں۔کرینہ کپور اور سیف علی خان پہلے ہی دو بیٹوں تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان کے والدین ہیں۔ دونوں حال ہی میں اپنے بچوں کے ہمراہ تعطیلات گزارنے کے بعد ممبئی واپس پہنچے تھے، جس کے بعد کرینہ کی جم کے باہر بنائی گئی ویڈیو سامنے آئی اور ان کے تیسرے حمل کی خبریں سوشل میڈیا پر پھیل گئیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور کے قریبی ذرائع نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اداکارہ حاملہ نہیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف ایک ویڈیو میں نظر آنے والی جسمانی تبدیلی کو حمل سے جوڑنا درست نہیں، اس لیے کرینہ کپور کے تیسرے حمل سے متعلق قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔کرینہ کپور کی نجی زندگی پہلے بھی مداحوں اور میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی ہے۔ اداکارہ ماضی میں اپنے خاندان اور بچوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مزید بچے پیدا کرنے کے ارادے نہ ہونے کا عندیہ دے چکی ہیں، جس کے باعث حالیہ افواہ نے مزید توجہ حاصل کی۔کرینہ کپور اور سیف علی خان نے 2012 میں شادی کی تھی۔ ان کے پہلے بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش دسمبر 2016 میں ہوئی، جبکہ دوسرے بیٹے جہانگیر علی خان کی پیدائش فروری 2021 میں ہوئی۔کرینہ کپور اس وقت بھی فلمی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کے ساتھ دونوں بچوں کی پرورش پر بھی توجہ دے رہی ہیں۔ تیمور اور جہانگیر کی تصاویر اور ان کی روزمرہ زندگی سے متعلق خبریں بھی اکثر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر زیر بحث رہتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں