آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کا ٹرمپ کا عندیہ
ویب ڈیسک :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان کریں گے۔فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران پر سخت معاشی دباؤ بڑھانے کی تیاری کر رہا ہے تاکہ تہران کو جنگ ختم کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے جلد اہم اعلان کیا جائے گا۔ٹرمپ نے اس سے قبل بھی آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اس اہم آبی گزرگاہ کو مکمل طور پر کنٹرول کرتا ہے۔آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے اور یہاں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی ترسیل اور توانائی کی قیمتوں پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ٹرمپ کے اس بیان سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب آبنائے ہرمز کا کنٹرول جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں بھی ایک اہم تنازع بن چکا ہے۔دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا آئندہ ہفتے کے آغاز میں ایران کے خلاف ایسی سخت پابندیاں اور اقدامات نافذ کرے گا جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔امریکی حکام کی جانب سے معاشی دباؤ بڑھانے اور آبنائے ہرمز پر سخت مؤقف اختیار کرنے کے اعلانات سے خطے میں جاری کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں