آزاد کشمیر انتخابات: مظفرآباد ڈویژن میں کل پولنگ، تمام انتظامات مکمل
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن کے 9 انتخابی حلقوں میں پولنگ ہوگی، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔مظفرآباد ڈویژن کے 9 حلقوں میں مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر، پیپلز پارٹی آزادکشمیر، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے مجموعی 208 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد 1 سے 26، ایل اے 28 مظفرآباد 2 سے 24، ایل اے 29 مظفرآباد 3 سے 34، ایل اے 30 مظفرآباد 4 سے 15 جبکہ ایل اے 31 مظفرآباد 5 سے 25 امیدوار مد مقابل ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے 9 انتخابی حلقوں میں 8 لاکھ 9 ہزار 621 مرد و خواتین ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ ضلع نیلم کی دو نشستوں پر 1 لاکھ 51 ہزار 911، ضلع جہلم ویلی کی دو نشستوں پر 1 لاکھ 77 ہزار 500 جبکہ ضلع مظفرآباد کی پانچ نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔صرف ضلع مظفرآباد کی پانچ نشستوں پر 124 امیدوار مد مقابل ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں 1483 پولنگ اسٹیشن اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جبکہ مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 نشستوں کے لیے 1057 پولنگ اسٹیشن اور 1829 پولنگ بوتھ مختص کیے گئے ہیں۔اہم مقابلوں میں ایل اے 25 نیلم 1 میں پیپلز پارٹی کے میاں عبد الوحید، مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر اور استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تنویر الیاس آمنے سامنے ہوں گے۔ایل اے 26 نیلم 2 میں پیپلز پارٹی کے میاں عبد الوحید، مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر اور استحکام پاکستان پارٹی کے ثقلین حیدر کاظمی میدان میں ہیں۔ایل اے 27 مظفرآباد 1 میں پیپلز پارٹی کے سردار جاوید ایوب، مسلم لیگ (ن) کی نورین عارف اور استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تبارک علی مدمقابل ہیں۔ایل اے 28 مظفرآباد 2 میں پیپلز پارٹی کے سید بازل علی نقوی، مسلم لیگ (ن) کے چوہدری شہزاد محمود اور استحکام پاکستان پارٹی کی پروفیسر تقدیس گیلانی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ایل اے 29 مظفرآباد 3 میں مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی اور پیپلز پارٹی کے سردار مختار احمد خان آمنے سامنے ہوں گے۔ایل اے 30 مظفرآباد 4 میں مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی اور پیپلز پارٹی کے مبشر منیر اعوان کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ایل اے 31 مظفرآباد 5 میں پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر، مسلم لیگ (ن) کے ثاقب مجید راجہ اور استحکام پاکستان پارٹی کے راجہ مظہر قیوم انتخابی میدان میں ہیں۔ایل اے 32 مظفرآباد 6 (چکار) میں مسلم لیگ (ن) کے راجہ فاروق حیدر اور پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ اشفاق ظفر مد مقابل ہوں گے، جبکہ ایل اے 33 مظفرآباد 7 (لیپہ) میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رشید اور پیپلز پارٹی کے دیوان علی خان چغتائی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن جبکہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں پولنگ ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں