عمران ہٹ دھرمی، ضد اور انا پر اڑ گئے، ضمانت نظر نہیں آتی: رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے معاون خصوصی اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں انہیں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت ہوتی نظر نہیں آ رہی۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی بلوں میں ریلیف پر سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کا اعتراض بلا جواز ہے، مہنگے بجلی بلوں کے معاملے پر نواز شریف کو بہت زیادہ تحفظات تھے، ہمارے پچھلے دور حکومت میں بھی جب پیٹرول کی قمتیں بڑھی تھیں تو اس پر بھی نواز شریف کافی عرصہ ناراض رہے، وہ روٹی کی قیمت پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا بلاول بھٹو جو بھی بات کرتے ہیں ہم ان کی بات کو ناصرف سنتے ہیں بلکہ اہمیت بھی دیتے ہیں، بلاول بھٹو نے کابینہ میں شمولیت پر کہا تھا کہ معاملہ سی ای سی میں رکھا جائے گا، ہم پیپلز پارٹی کو کابینہ میں شامل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا عمران خان ہٹ دھرمی، ضد اور جھوٹی انا پر اڑے ہوئے ہیں، 9 مئی واقعات پر بانی پی ٹی آئی تسلیم کریں کہ ان سے غلطی ہوئی، بانی پی ٹی آئی اپنی غلطی تسلیم نہیں کرتے الٹا کہتے ہیں مجھ سے معافی مانگی جائے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا مجھے مستقبل قریب میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت نظر نہیں آرہی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے