2026 کے لیے ایشیا کا بہترین شہر کسے قرار دیا گیا؟
کیا چیز کسی شہر کو بہترین بناتی ہے؟ کچھ افراد کے خیال میں مصروف علاقے، سستے کھانے اور دیگر سہولیات اہم ہوتی ہیں۔
دیگر کا ماننا ہے کہ سرسبز مقامات تک رسائی، مقامی افراد کی خوشی اور سماجی ہم آہنگی جیسے عناصر کسی شہر کو بہترین بناتے ہیں۔
ٹائم آوٹ کے سالانہ سروے میں 2026 کے لیے 50 بہترین شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے جس کے لیے ماہرین کے ساتھ ساتھ وہاں کے مقامی رہائشیوں کی رائے کو مدنظر رکھا گیا۔
اس سروے میں ہزاروں افراد کو شامل کیا گیا تھا اور شہروں کے معیار زندگی، خوراک کی قیمتوں، ثقافت اور دیگر پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر درجہ بندی کی گئی۔
فہرست میں شامل ٹاپ 10 شہر درج ذیل ہیں، جن میں سے حیران کن طور پر نصفف کا تعلق ایشیا پیسیفک سے ہے۔
10۔ ٹوکیو، جاپان

آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا شہر ٹوکیو اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر موجود ہے۔
09۔ سیئول، جنوبی کوریا

جنوبی کوریا کا دارالحکومت موسم بہار میں چیری بلوسم سے لوگوں کے دل جیتتا ہے جبکہ موسم گرما میں میوزک فیسٹیولز، خزاں میں دریائے ہان کے ساتھ کیمنگ اور سرما کی مخصوص سرگرمیوں کے ساتھ یہ ہر سیاح کی خواہشات کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔
سیئول اپنی تیز رفتار زندگی، جدید نقل و حمل کے نظام اور روایتی و جدید ثقافت کے حسین امتزاج کے لیے جانا جاتا ہے۔
8۔ بینکاک، تھائی لینڈ

یہ دنیا کے دوستانہ ترین شہروں میں سے ایک ہے جہاں ہر ایک گرم جوشی سے خیرمقدم کیا جاتا ہے۔
اسے مسکراہٹوں کی سرزمین بھی کہا جاتا ہے جبکہ یہاں کی جدید اور قدیم عمارات بھی اس کی ثقافت کو خاص بناتی ہیں۔
یہاں کے باغات اور پکوان بھی بہترین ہیں۔
07 ۔ میکسیکو سٹی، میکسیکو

میکسیکو کا یہ شہر اس ملک کا ثقافتی مرکز بھی ہے۔
یہاں کے پکوان، موسم اور سستے طرز زندگی نے اسے فہرست میں 7 ویں نمبر پر پہنچایا۔
06۔ کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقا

سروے میں ہر فرد نے اس شہر کو خوبصورت قرار دیا جو ساحلی علاقوں، شہری زندگی اور خوبصورت پہاڑی مناظر کا امتزاج ہے۔
مگر اس کے ساتھ ساتھ وہاں کی ثقافتی زندگی نے اسے 2026 میں دنیا کا چھٹا بہترین شہر بنایا۔
05۔ نیویارک، امریکا

نیویارک کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ وہ شہر ہے جو کبھی سوتا نہیں۔
یہ وہ شہر ہے جہاں دنیا کے ہر حصے کے باسی رہائش پذیر ہیں اس لیے سیاحوں کو غیرملک میں زیادہ اجنبیت بھی محسوس نہیں ہوتی۔
04۔ لندن، برطانیہ

برطانیہ کا دارالحکومت لندن کسی تعارف کا محتاج نہیں، یہ ان چند شہروں میں سے ایک ہے جہاں ہر سال سب سے زیادہ سیاح رخ کرتے ہیں۔
لندن دنیا کے ممتاز تجارتی، معاشی اور ثقافتی مراکز میں سے ایک ہے۔
03۔ ایڈنبرگ، اسکاٹ لینڈ

یہ دنیا کے ان چند شہروں میں سے ایک ہے جس کی تاریخ اس خطے کی اہمیت کی عکاس ہے۔
اس کے پرانے علاقوں کی قدیم گلیاں اور دیگر علاقوں کی جدت کا امتزاج اسے ایک خاص شہر بنانے میں کردار ادا کرتا ہے۔
02۔ شنگھائی، چین

شنگھائی کو چین کا صنعتی ہب قرار دیا جاتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ یہاں کی گہماگہمی اور ثقافت بھی لوگوں کے دلوں کو چھو لینے والے عناصر ہیں۔
یہاں کے خوبصورت باغات، شہریوں کے باہمی احترام اور صفائی وغیرہ اسے بہترین بناتے ہیں۔
اب یہاں فضائی اور آواز کی آلودگی کی شرح بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے کیونکہ الیکٹرک گاڑیوں کا زیادہ استعمال کیا جا رہا ہے۔
یہ اس فہرست میں دنیا کے دوسرے جبکہ ایشیا کے سب سے بہترین شہر کی حیثیت سے موجود ہے۔
01۔ میلبرن، آسٹریلیا

آسٹریلیا کا یہ شہر اپنے پکوانوں اور ثقافت کے لیے معروف ہے۔
درحقیقت اسے آسٹریلیا کا ثقافتی دارالحکومت بھی قرار دیا جاتا ہے جبکہ یہ دنیا کی coolest اسٹریٹ کا بھی گھر ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں