بھارت میں سنگین گیس بحران، پولیس نے ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے قبرستان میں چھپائے گئے 414 گیس سلینڈ برآمد کرلیے
بھارتی شہر حیدرآباد میں پولیس نے ایک قبرستان میں چھپائے گئے 414 ایل پی جی سلنڈر برآمد کر کے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران جنگ کے باعث بھارت میں ایل پی جی کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور اسے بلیک مارکیٹ میں فروخت کیا جارہا ہے۔
حکام کے مطابق ایران جنگ کے باعث شپنگ متاثر ہونے سے گیس کی فراہمی میں کمی آئی ہے جس کے باعث ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
بھارت کی وزارتِ پیٹرولیم و قدرتی گیس کی سینیئر عہدیدار سجاتا شرما نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ صرف گزشتہ روز تقریباً 2600 چھاپے مارے گئے اور لگ بھگ 700 سلینڈر ضبط کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ حال ہی میں حیدرآباد کے ایک قبرستان کے اندر ایک ہی مقام سے تقریباً 400 سلینڈر برآمد ہوئے۔ پولیس نے موقع سے 10 افراد کو حراست میں بھی لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان قبرستان سے کمرشل اور گھریلو دونوں اقسام کے سلینڈر تقریباً تین گنا زیادہ قیمت پر فروخت کر رہے تھے اور تقریباً 2100 بھارتی روپے مالیت کا کمرشل سلینڈر 6 ہزار روپے تک فروخت کیا جا رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے سلینڈرز اور استعمال ہونے والی گاڑیوں کی مجموعی مالیت تقریباً 22 لاکھ بھارتی روپے ہے۔
بھارت دنیا میں ایل پی جی کا دوسرا بڑا درآمد کنندہ ہے جو اپنی تقریباً 60 فیصد ضرورت درآمد شدہ ایل پی جی کے ذریعے پوری کرتا ہے جو زیادہ تر مشرقِ وسطیٰ سے آتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں