احتجاج :اسلام آباد،راولپنڈی کے داخلی راستے بلاک،سکولوں میں تعطیل

تحریک انصاف کے جلسے کے پیش نظراسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے جڑواں شہروں کے داخلی راستے کنٹینر لگا کر بند کر دئیے ہیں۔
راولپنڈی کی انتظامیہ کے مطابق بنگلا دیش کی ٹیم پاکستان میں موجود ہے اور راولپنڈی میں ٹیست میچ کھیلا جا رہا ہے، سکیورٹی کے شدید خدشات ہیں جس کی وجہ سے جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
گزشتہ روز پنجاب حکومت نے بھی صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔جبکہ پی ٹی ٹی آئی کے جلسے اور ایک مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کی انتظامیہ نے ایک روز کے لیے اسکولوں کی چھٹی کر دی تھی۔
پہلے تحریک انصاف نے ہر صورت راولپنڈی میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا تاہم اب جلسے کو مؤخر کردیا گیا ہے۔مقامی انتظامیہ نے روات ٹی چوک کے مقام پر اسلام آباد ،راولپنڈی کا داخلی راستہ کنٹینر لگا کر بند کردیا ، راستے کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظرسکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور ریڈ زون سیل ہے، اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز رکھ دئیے گئے ہیں اور ڈی چوک بھی کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ، مارگلہ ایونیو جی ٹی روڈ سے بند کردیا گیا ہے جبکہ ریڈ زون میں داخلے کیلئے صرف مارگلہ ایوینو کھلا ہوا ہے۔لاہور میں بھی ٹھوکر نیاز بیگ سے موٹروے کو جانے والے راستے پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے، پریژن وین بھی ٹھوکر نیاز بیگ پہنچا دی گئی اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کے جلسے اور راستوں کی بندش کے پیش نظر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی ہفتہ وار بریفنگ منسوخ کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے