کے پی حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر کریش ، 5 افراد شہید ہو گئے
خیبر پختونخوا حکومت کا ایک ہیلی کاپٹر جو سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے جارہا تھا کریش ہوگیا، جس میں سوار 5 افراد شہید ہو گئے ہیں۔
صوبائی حکومت نے تصدیق کی کہ یہ ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن حادثے کا شکار ہو گیا۔
اعلیٰ حکام کے مطابق واقعہ چینگئی بانڈہ کے قریب سوکئی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا۔چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ کے مطابق ہیلی کاپٹر باجوڑ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے جا رہا تھا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بتایا کہ خراب موسم کے باعث ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جس کے بعد علاقے میں فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں روانہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔صوبائی حکومت کا ایک اور ہیلی کاپٹر اس وقت ضلع بونیر میں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہے۔
خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، سیلابی ریلوں نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 150 کے قریب افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں فلڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، اور سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں