سٹیبلشمنٹ تحریک انصاف کو کنٹرول کرنے کے لیے جھوٹے کیسز بناتی ہے، گنڈا پور کا الزام

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ 5 اگست کو ملک بھر سے عوام کا سمندر نکلے گا، ہر شہر، ہر ضلع، اور ہر یونین کونسل سے بھرپور احتجاج ہوگا تاکہ دنیا کو بتایا جا سکے کہ عمران خان کے ساتھ کیا ظلم ہو رہا ہے۔

اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عمران خان آج بھی آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، وہ کسی بیک ڈور ڈیل کے تحت نہیں بلکہ عدالتی عمل کے ذریعے ہی رہا ہوں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تحریک انصاف کا احتجاج جمہوری حق ہے لیکن جب ہم تحریک کا اعلان کرتے ہیں تو ہمارے ورکرز کو گرفتار کر لیا جاتا ہے، جیلوں میں ڈالا جاتا ہے اور ہمارے منتخب نمائندوں کو نااہل کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہمیں ان گرفتاریوں اور دھمکیوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا، ہم جھکنے والے نہیں ہیں۔اپنے خلاف کیسز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 2016 سے میرے خلاف جو کیس چل رہا ہے وہ جھوٹا اور من گھڑت ہے۔ نہ میں موقع پر موجود تھا، نہ ہی وہ گاڑی میری تھی۔ میرے خلاف اسلحہ اور بوتلیں ڈالنے کا الزام لگایا گیا، جو سراسر جھوٹ ہے۔

علی امین گنڈاپور نے سٹیبلشمنٹ پر الزام عائد کیا کہ وہ پی ٹی آئی کو کمزور اور کنٹرول کرنے کے لیے جھوٹے کیسز بناتی ہے، لیکن ہمیں ان کیسز کی کوئی پرواہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم قانون اور انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہمیں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

احتجاجی تحریک سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو میں خود اپنے صوبے میں اس احتجاج کی قیادت کروں گا۔ عوام کو سڑکوں پر لا کر حکومت کو پیغام دیں گے کہ اب مزید ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے