تحریک انصاف کی ‘کمپرومائزڈ’ قیادت کے بجائے عمران خان کا زیادہ اعتماد اہلیہ پر ہے:بشریٰ بی بی کی معاونین کا دعویٰ
بانی تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسف زئی اور سابق خاتون اول کی بہن مریم ریاض نے کہا پی ٹی آئی کی کمپرومائزڈ لیڈر شپ کے بجائے عمران خان بشریٰ بی بی پر زیادہ اعتماد کرتے ہیں۔ترجمان بشریٰ بی بی مشعال یوسف زئی اور مریم ریاض وٹو نے برطانوی جریدے گارجین سے بات چیت کی ہے۔
مشعال یوسف زئی نے کہاکہ عمران خان جو ہدایات جاری کرتے ہیں پارٹی رہنماؤں کی جانب سے اس پر پوری طرح عمل نہیں کیا جاتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کو عملی میدان میں سامنے لایا، فائنل احتجاج کے دوران بھی بشریٰ بی بی نے عمران خان کی ہدایات پر عمل کیا۔
مشعال یوسف زئی نے کہاکہ عمران خان پارٹی قیادت سے سخت مایوس ہیں کیونکہ ان کی ہدایات عوام تک نہیں پہنچائی جاتیں، اسی لیے انہوں نے بشریٰ بی بی کو کہا ہے کہ وہ ان کا پیغام براہِ راست سامنے لائیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے فائنل کال کا پیغام بھی بشریٰ بی بی کے ذریعے دیا کہ اسلام آباد پہنچ کر احتجاج کیا جائے
ترجمان بشریٰ بی بی نے کہاکہ عمران خان کی اہلیہ کوئی سیاسی عزائم نہیں رکھتیں، وہ پرسکون روحانی شخصیت ہیں، وہ عمران خان اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کررہی ہیں۔
بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے کہاکہ عمران خان کے قریبی ساتھیوں کا کردار مشکوک ہے، اور لگتا ہے کہ انہیں صرف اپنے مفادات عزیز ہیں، اور اپنے فائدے کے لیے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران بشریٰ بی بی پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ آگے نہ جائیں۔
دوسری جانب برطانوی اخبار گارجین نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی بہن مریم ریاض وٹو نے ہی 2015 میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کا تعارف کرایا تھا۔
گارجین کے مطابق تحریک انصاف میں ایک عنصر بشریٰ بی بی کو پسند نہیں کرتا، اسی وجہ سے ان کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں