فواد چوہدری اور شیخ رشید نے عمران خان کو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر مجبور کیا،حامد خان

پاکستا ن تحریک انصاف کے رہنما  حامد خان نے کہا ہے کہ مولا نا  فضل الرحمن  کی اسٹیبلشمنٹ سے توقعات پوری نہیں ہوئیں جس سے وہ فرسڑیشن میں بیان داغ رہے ہیں ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ  بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پابند سلاسل ہیں اس لیے قیادت کا خلا ہے،

بانی پی ٹی آئی سے جو ملاقات کرتے ہیں وہ ان سے ملنے والی ہدایات کی مختلف تشریح کرتے ہیں، کچھ لوگ اپنی ذاتی تشہیر کے لیے ایسا کرتے ہیں، کچھ لوگ ایسے ہیں جن سے متعلق تشویش اور شک ہے کہ وہ پارٹی سے مخلص نہیں، ایسے کچھ اور بھی ہیں جو پارٹی کے اندر اختلافات بڑھانے کے لیے بیانات دیتے ہیں۔

سینئر قانون دان  حامد خان نے کہا کہ  مخصوص نشستوں والے فیصلے کے بعد حکومت نے حواس باختہ ہو کر تحریک انصاف  پر پابندی کی بات کی، حکومت کو اصل خوف ٹربیونلز سے ہے، بیشتر سیٹوں بالخصوص پنجاب میں قومی و صوبائی اسمبلی پر تو لمبی انکوائری کی ضرورت ہی نہیں، بیشتر سیٹوں پر تو فارم 45 کی گنتی کرکے ہی ہماری بہت ساری سیٹیں نکل آئیں گی۔

حامد خان نے مزید کہا کہ  نواز شریف، شہباز شریف، مریم اور عون چوہدری سمیت ان کے بیشتر لوگ بری طرح ہارے ہیں، جس دن بھی صحیح گنتی ہو گئی اس دن دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہو جائے گا، بانی پی ٹی آئی نے بہت کچھ سیکھا ہے، 8 فروری کے بعد جب بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تو وہ بہت خوش تھے کہ قوم نےان کی بات سن لی ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں حامد خان نے کہا کہ  عمران اسماعیل، فواد چوہدری اور عامر کیانی استحکام پارٹی بنانے والوں میں شامل ہیں، فواد چوہدری تو استحکام پارٹی میں شامل ہوئے اور وہاں منہ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے تھے، جیل کاٹنا پتا نہیں وہ ڈراما تھا کیا تھا، فواد چوہدری پلانٹڈ آدمی ہے، فواد چوہدری آج سے نہیں ہمیشہ سے ہی پلانٹڈ ہے، اب بھی فواد چوہدری پارٹی کو اندر سے نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ہمارے نزدیک سب بڑی زیادتی عدم اعتماد کے وقت اسمبلیوں سے استعفے دینا تھا، شاہ محمود اور پرویز الہیٰ نے بتایا کہ فواد چوہدری اور شیخ رشید نے بانی پی ٹی آئی کو استعفوں پر مجبور کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے