وزیر خزانہ کی ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی صدر سے ملاقات، توانائی، ریلوے منصوبوں پر گفتگو
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کی صدر زو جیائی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے مالی معاونت، معاشی استحکام اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری اور ریلوے کی جدیدکاری کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا۔ اس موقع پر اے آئی آئی بی نے رواں سال کے اختتام سے قبل بجلی کی ترسیل کے منصوبے کی منظوری دینے کا ہدف مقرر کیا۔دونوں رہنماؤں نے ایم ایل ون منصوبے کے کراچی سے روہڑی سیکشن کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ساتھ مشترکہ مالی معاونت کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ اس کے علاوہ منصوبے کے دیگر حصوں کے لیے متوازی فنانسنگ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات میں کثیر سالہ قرضہ جاتی پروگرام، ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عمل درآمد اور سرکاری و نجی شراکت داری کے ذریعے نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ توانائی اور غذائی تحفظ سے متعلق دباؤ سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بجٹ معاونت اور موسمیاتی ترجیحات پر مبنی پالیسی فنانسنگ کے امکانات بھی زیر غور آئے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پانڈا بانڈ کے لیے ضمانت کی فراہمی میں اے آئی آئی بی کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے بین الاقوامی مالی معاونت کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے، قرضوں کی مدت میں توسیع اور دوبارہ فنانسنگ سے وابستہ خطرات کم کرنے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے مستقبل میں کیپٹل مارکیٹ کے ذریعے مالی وسائل حاصل کرنے میں معاونت کے لیے اے آئی آئی بی کی آمادگی کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں یورو بانڈز کی ٹوکنائزیشن کے حوالے سے تکنیکی تعاون کے امکانات کو بھی سراہا گیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں