فیفا ورلڈکپ جیتنے پر اسپین میں جشن کا سماں، ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہنگامے
فیفا ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا کو شکست دینےکے بعد اسپین میں جشن کا سماں ہے جب کہ ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور شائقین نے شکست پر شدید غم و غصےکا اظہار کیا۔
اسپین کی جانب سے ارجنٹینا کو فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں 0-1 سے شکست دینےکے بعد پورے اسپین میں ہسپانوی شہری قومی پرچم اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے، رات بھر آتش بازی کی گئی اور لوگ ایک دوسرے کو گلے لگا کر اور رقص کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کرتے رہے۔
اسپین کے مختلف شہروں اور قصبوں میں بھی یہی منظر دیکھنے کو ملا، یہ جشن پیر کی صبح تک جاری رہا۔
پیر کو اسپین کی ٹیم کے کھلاڑی امریکا سے میڈرڈ پہنچے تو اسپین ٹیم کےکپتان روڈری ورلڈکپ ٹرافی ہاتھوں میں تھامےطیارے سے باہر آئے، ان کے چہرے پر خوشی دیدنی تھی۔
ائیرپورٹ کے باہر ہزاروں شہری اپنی ٹیم کے استقبال کے لیے موجود تھے۔
فائنل میں شکست کے بعد بیونس آئرس میں ہنگامے

دوسری جانب ورلڈکپ فائنل میں شکست کے بعد ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہنگامے شروع ہوگئے اور مشتعل شائقین نے پولیس پر پتھراؤ کیا، پولیس سے جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے جب کہ کم از کم 15 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق میچ کے اختتام کے بعد بیونس آئرس میں ہزاروں شائقین ٹیم کی دوسری پوزیشن کا جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے، تاہم صورتحال جلد ہی خراب ہوگئی اور جھگڑے شروع ہوگئے، ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے لیے پولیس کو طلب کیا گیا۔
مشتعل شائقین نے پولیس پر پتھر اور بوتلیں پھینکیں، جس کے جواب میں پولیس نے ربڑ کی گولیاں، آنسو گیس اور واٹرکینن کا استعمال کیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق شائقین کے حملوں میں 7 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔حکام نے ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے لیے دارالحکومت کی کئی اہم سڑکیں بند کر دیں۔
ارجنٹینا کے صدرکا ملک میں چھٹی کا اعلان
ٹیم کی دوسری پوزیشن پر ارجنٹینا کے صدر خاویر میلی نے قومی تعطیل کا اعلان کرنےکا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہےکہ تاریخ کا انتخاب فٹبال ٹیم کے کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف کریں گے۔
خیال رہے کہ 2022 میں فرانس کے خلاف ورلڈکپ جیتنے کے بعد بھی ارجنٹینا نے قومی تعطیل کا اعلان کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں