نااہلی اور بدنظمی : الیکشن کمیشن کے تین افسران 120 روز کیلئے معطل
چیف الیکشن کمشنر نے نااہلی اور بدنظمی پر محکمے کے 3 افسران کو 120 دن کیلئے معطل کر دیا۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ معطل ہونے والے افسران میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ، ڈائریکٹر ایڈمن و صوبائی الیکشن کمیشن سندھ اظہر حسین ٹنواری اور الیکشن افسر کراچی خدا بخش شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں افسران انکوائری کے مکمل ہونے اور اگلے احکامات تک کراچی میں رہیں گے جبکہ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال کو قائم مقام الیکشن کمشنر سندھ تعینات کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 17 ستمبر کی رات پپری کراچی میں اسٹرانگ روم کے تالوں کو زبردستی توڑ کر مختلف پولنگ سٹیشنز کے متعدد بیگز کو نقصان پہنچایا گیا جس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ انکوائری کمیٹی میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نذر عباس، ڈائریکٹر وسیم احمد اور آر ای سی لاڑکانہ عبدالوحید شامل ہیں،کمیٹی 3 دن میں تحقیقات مکمل کر کے اپنی رپورٹ دے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں