بجلی 1.73 روپے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان
کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے باقاعدہ درخواست جمع کرا دی ہے۔درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوسکتا ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سی پی پی اے کی درخواست پر 29 ستمبر کو سماعت کرے گی۔مجوزہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔سی پی پی اے کے مطابق اگست میں ڈسکوز کو 14 ارب 46 کروڑ 40 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جبکہ ڈسکوز کو فراہم کی جانے والی بجلی کی لاگت 8 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی۔اعداد و شمار کے مطابق اگست میں پانی سے 37.84 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جبکہ مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 10.88 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 15.59 فیصد رہا۔اگست کے دوران فرنس آئل سے 2.15 فیصد، مقامی گیس سے 7.04 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 8.48 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔سی پی پی اے کے مطابق فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 45 روپے 25 پیسے فی یونٹ جبکہ درآمدی ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 45 روپے 92 پیسے فی یونٹ رہی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں