آزاد کشمیر :فارم47 والے پوزیشن ہولڈرز،میرپور بورڈ کے نتائج پر تنقید
آزاد جموں وکشمیر انٹرمیڈیٹ وثانوی تعلیمی بورڈ میرپور نے مارکنگ کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے پوزیشن ہولڈرز کے نام تبدیل کر دیئے جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیاہے۔
میرپور بورڈکے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ کے سال 2024 کے سالانہ نتائج کا اعلان چند روز قبل کیا گیا تھا۔ بورڈ میں مجموعی طور پر آٹھویں نمبر پر آنے والے امیدوار مصعب بشیر نے اپنے نمبروں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔ بورڈ حکام کی طرف سے پرچہ جات کی دوبارہ چیکنگ اور نمبروں کی ازسر نو گنتی کے دوران طالب علم کا موقف درست ثابت ہوا۔
القلم کالج مظفرآباد کے ایف ایس سی سال دوم کے طالب علم مصعب بشیر کے پیپرز دوبارہ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ اس کے مجموعی نمبروں میں 14 نمبر شمار نہیں کیے گئے تھے۔میرپوربورڈ نے دوبارہ گنتی کے بعد باضابطہ اعلان کیا ہے کہ مصعب کی مجموعی طور پر دوسری پوزیشن ہے اور انکے نمبر 1137 کے بجائے 1151 ہیں۔ ری چیکنگ کے دوران پوزیشن ہولڈرز کے ناموں میں ردوبدل کا معاملہ سوشل میڈیا پر آیا تو صارفین نے کچھ پوزیشن ہولڈرز کو فارم 47 والے پوزیشن ہولڈرز قرار دیا۔
واضح رہے کہ فارم 47 کی اصطلاح پاکستان میں رواں سال فروری میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد بہت زیادہ استعمال کی جا رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹرز موجودہ حکومت پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں فارم 47 والے قرار دیتے ہیں۔
اب فارم 47 کی اصطلاح تعلیمی بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز کے لیے بھی سوشل میڈیا کی زینت بن رہی ہے۔ایک صارف آصف محمود نے صحافی عبدالواجد خان کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا یہ بچوں کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے زیادہ تر پیپرز چیکنگ کے لئے ٹھیکے پر دیئے جاتے ہیں اور پھر جو نتیجہ آتا ہے اس کی مثال آپ کے سامنے ہے۔وحیدکیانی نے لکھا بورڈ پر ذہین طلبہ کی حق تلفی کا مقدمہ ہونا چاہئے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں