فوجی عدالتیں سویلین کو سزا نہیں سناسکتیں پی ٹی آئی کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان
تحریک انصاف نے فوجی عدالتوں سے عام شہریوں کی سزاؤں کو مسترد کردیا،عمر ایوب نے کہا فوجی عدالتیں سویلین کو سزا نہیں سناسکتیں، اسد قیصر نے کہا ہے کہ فیصلے کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے۔
اپنے ٹویٹ میں عمر ایوب نے کہا کہ سویلینز کے خلاف ملٹری کورٹس کی سزاؤں کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں، فوجی عدالتوں کی جانب سے پی ٹی آئی کے زیر حراست افراد کے خلاف سنائی گئی سزائیں انصاف کے اصولوں کے منافی ہیں زیر حراست افراد عام شہری ہیں اور ان پر فوجی عدالتوں میں مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا، فوجی عدالتیں جو عام شہریوں کو سزائیں سناتی ہیں بنیادی طور پر کینگرو عدالتیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:9مئی حملے پر سزا پانے والے حاشر کے حق میں پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ٹویٹ
انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتیں قانونی طور پر ریاست کی عدالتی طاقت کی شراکت دار نہیں ہوسکتیں، مسلح افواج ریاست کے انتظامی اختیار کا حصہ ہیں، ایسی عدالتوں کا قیام عام شہریوں سمیت عدلیہ کی آزادی کے خلاف ہے، ایسے فیصلوں سے آئین کی بنیادی خصوصیت طاقت کی تقسیم کی نفی ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما و سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملٹری کورٹس کا فیصلہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،ان ٹرائلز میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے، ہم فیصلوں کی مذمت کرتے ہیں اور اسے ہر فورم پر چیلنج کریں گے،سپریم کورٹ کے فیصلے نے مایوس کیا۔
اسد قیصر نے کہا کہ شہری اپنے بنیادی حق سے محروم کردیئے گئے، عدالتیں کمپرومائز ہوں تو ملک میں مایوسی بڑھے گی، اس وقت عدالتی نظام مکمل مفلوج ہوچکا ہے جو ملک کیلئے المیہ ہے، ہم انصاف کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں