کرسٹیانو رونالڈو کا پرتگال کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے 23 سالہ انٹرنیشنل کیریئر کو الوداع کہہ دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹبال کے اسٹار کھلاڑی نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں قومی ٹیم کی جرسی نمبر 7 واپس کرنے کا اعلان کیا۔رونالڈو نے اپنے پیغام میں کہا کہ پرتگال کے عوام کے لیے اب وہ وقت آگیا ہے کہ وہ قومی ٹیم کی نمبر 7 والی شرٹ واپس کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی اس جرسی کو صرف اپنی ملکیت نہیں سمجھا، تاہم 23 سال تک اسے پہننے، اس کا دفاع کرنے اور دنیا بھر کے اسٹیڈیمز میں اس کے ساتھ کھیلنے کا اعزاز اور ذمہ داری حاصل رہی۔اس سے قبل اکتوبر میں نیشنز لیگ کے دوران ناروے کے خلاف میچ میں نہ کھلائے جانے پر رونالڈو مبینہ طور پر ناراض ہوکر پرتگال کی ٹیم کا کیمپ چھوڑ گئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پر واضح کیا تھا کہ وہ انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائر نہیں ہو رہے اور ٹیم کا کیمپ چھوڑنے پر سزا کے مستحق ہیں۔کرسٹیانو رونالڈو 18 سال کی عمر میں پرتگال کی قومی ٹیم میں منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے انڈر 15 سے لے کر سینئر قومی ٹیم تک مختلف سطحوں پر تقریباً 25 سال پرتگال کی نمائندگی کی، جبکہ سینئر ٹیم کے ساتھ ان کا انٹرنیشنل کیریئر تقریباً 23 سال پر محیط رہا۔رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے 146 انٹرنیشنل گول اسکور کرکے عالمی فٹبال میں ایک نمایاں ریکارڈ بھی قائم کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں