وزیراعظم چوہدری انوار الحق کا مظفر آباد شہر کا اچانک دورہ،منصوبوں کامعائنہ
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے مظفر آباد شہر کا اچانک دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم نے شہر کی پبلک پالیسیز اور چلڈرن پارکس کا بھی جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کے لیے لاری اڈوں اور پبلک پارکس کے انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے۔ اس دوران وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے پرانا بس سٹینڈ، سی ایم ایچ فلائی اوور، ماکڑی چلڈرن پارک، ماکڑی انٹک وئے اور لاری اڈہ بیلا نور شاہ کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نے پرانا بس سٹینڈ کی صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ مسافروں اور عوام کی سہولت کے لیے پبلک واش رومز کی تعمیر ضروری ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور شہر کی خوبصورتی کو یقینی بنانے کے لیے اڈے کی پختگی اور کارپیٹنگ کی ضرورت پر زور دیا۔ سی ایم ایچ وائی کراس فلائی اوور منصوبے پر بھی کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

بعد ازاں وزیراعظم نے ماکڑی پارک اور ماکڑی انٹک وئے کے منصوبوں کا بھی دورہ کیا، جہاں متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور ان کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے لاری اڈہ بیلا نور شاہ میں بھی تجاوزات کے خاتمے اور غیر قانونی لاری سٹینڈز ختم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ عوام کی فلاح موجودہ حکومت کا مشن ہے اور مظفر آباد شہر کو دارالحکومت کے شایان شان بنایا جائے گا۔ ترقیاتی منصوبوں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں