رینجرز،فوج طلب: اسلام آباد پر دھاوا نہیں بولنے دینگے:وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل کسی نے اسلام آباد پر دھاوا بولا تو کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان کے دورے پر ہیں، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں اہم نوعیت کی بین الاقوامی تقاریب ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے کل احتجاج کی کال دی ہے، لیکن ہمیں سوچنا چاہیے کہ کوئی احتجاج پاکستان کی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے، پی ٹی آئی بھی پاکستان کی جماعت ہے کوئی باہر کی جماعت نہیں۔

محسن نقوی نے کہاکہ سیاست کریں مگر یہ طریقہ درست نہیں ہے، کیونکہ ایک سربراہ مملکت پاکستان میں موجود ہیں، جبکہ سعودی عرب کا وفد بھی پاکستان آرہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر کوئی احتجاج کرے گا تو ہم روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے، اس کے لیے تیاری پوری ہے، پھر بعد میں کوئی شکوہ نہ کرے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ سیکیورٹی کے انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو پہلے بھی جلسے کی اجازت دی گئی تھی، اب ابھی اجازت لے کر جلسہ کیا جائے لیکن احتجاج کی اجازت نہیں دیں گے۔

محسن نقوی نے کہاکہ کل جو ہاتھ چڑھے گا پھر کوئی نہ کہے ان کے ساتھ نرمی کریں، کیونکہ کسی کو دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے کہاکہ ہم اسلام آباد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو احتجاج کے فیصلے پر دوبارہ سوچنا چاہیے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ احتجاج کی کال کے ساتھ دوسرے صوبوں سے بھی لوگوں کو بلایا گیا ہے، ایسی صورت میں قانون اپنا راستہ خود لے گا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے