ترکیہ کا سعودی عرب میں فوجی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ
انقرہ: ترکیہ نے سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کے بعد وہاں فوجی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ابتدائی طور پر فضائی دفاع اور الیکٹرانک وارفیئر کے شعبوں میں معاونت کریں گے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ترک حکمران جماعت کے ایک رکن پارلیمنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ معاہدے کی توثیق کے بعد سعودی عرب میں فوجی تعیناتی سے متعلق قرارداد پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ترکیہ کو سعودی عرب میں اپنے فوجی اہلکار تعینات کرنے کی اجازت ہوگی۔ یہ اہلکار ابتدائی مرحلے میں فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور الیکٹرانک وارفیئر کے شعبے میں معاونت فراہم کریں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت بیرون ملک تعینات ترک فوجی اہلکار جارحانہ کارروائیوں میں حصہ نہیں لیں گے۔ اس انتظام کا مقصد دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور متعلقہ شعبوں میں دونوں ممالک کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔رائٹرز کے مطابق ترکیہ نے بحیرۂ احمر میں بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے سعودی اتحاد میں شامل ہونے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ اس پیش رفت سے ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔تاہم، فوجی تعیناتی کی حتمی تفصیلات اور اس کے عملی آغاز سے متعلق مزید پیش رفت پارلیمانی کارروائی اور معاہدے پر عمل درآمد کے مراحل سے واضح ہوگی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں