بلاول بھٹو کی برطانوی وزیر سے ملاقات، خطے میں امن پر تبادلہ خیال
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد نے برطانیہ کی وزارتِ خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور (FCDO) میں مشرقِ وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان کے لیے پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ ہییمش فالکنر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، حالیہ بھارتی اشتعال انگیزیوں اور امن کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گی
ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے برطانیہ کی طرف سے خطے میں امن اور سفارتی کوششوں کی حمایت کو سراہا اور 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے بلاجواز اور بغیر ثبوت کے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے خطے میں بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے بھارت کے یکطرفہ اقدامات، شہریوں پر حملے، پاکستانی املاک کو نقصان، اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔ بلاول بھٹو نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ بھارت کی جانب سے ’’نئے معمول‘‘ کے طور پر طاقت کے استعمال اور یکطرفہ اقدامات کی پالیسی ایک ایٹمی خطے کو شدید عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتی ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے تحت پاکستان کے دفاع کے حق کی توثیق کرتے ہوئے، برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشیدگی کے خاتمے، بامقصد مذاکرات کے آغاز اور سندھ طاس معاہدے کی بحالی کے لیے ایک فعال کردار ادا کرے، خصوصاً مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا جو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔
وفد نے اس موقع پر پاکستان پر ’’پانی کی جنگ‘‘ مسلط کرنے کے بھارتی اقدامات اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ہییمش فالکنر نے پاکستان کی جانب سے امن کے فروغ کی کوششوں کو سراہا اور برطانیہ کی طرف سے سفارتی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت جنوبی ایشیا میں استحکام اور پرامن حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہے گی۔
اعلیٰ سطحی وفد میں وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک، سینیٹر شیری رحمٰن، سابق وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر، انجینئر خرم دستگیر خان، سینیٹر فیصل سبزواری، سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی، اور تہمینہ جنجوعہ شامل تھے۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی ملاقات میں شریک تھے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں