بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تیاری

اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے مہنگی کرنے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے رجوع کرلیا ہے۔نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت 29 اکتوبر کو ہوگی، جس میں ستمبر کے دوران بجلی کی پیداوار پر آنے والی ایندھن کی لاگت کا جائزہ لیا جائے گا۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق ستمبر میں بجلی کی فی یونٹ اوسط فیول لاگت کا تخمینہ 7 روپے 46 پیسے لگایا گیا تھا، تاہم یہ لاگت بڑھ کر 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ تک پہنچ گئی۔درخواست میں بتایا گیا کہ ستمبر کے دوران مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار پر 7 ارب 95 کروڑ روپے خرچ ہوئے، جبکہ درآمدی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی لاگت 37 ارب 14 کروڑ روپے رہی۔سی پی پی اے کے مطابق بجلی کی پیداوار کے لیے ستمبر میں 13 ارب 26 کروڑ روپے کا ڈیزل اور 11 ارب 81 کروڑ روپے کا فرنس آئل استعمال کیا گیا۔درخواست میں مزید بتایا گیا کہ مقامی گیس سے بجلی کی پیداوار پر 13 ارب 89 کروڑ روپے جبکہ ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے پر 31 ارب 93 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔سی پی پی اے کے مطابق ستمبر میں بجلی کی پیداوار پر مجموعی فیول لاگت 127 ارب 87 کروڑ روپے رہی، جبکہ اس دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے مجموعی طور پر 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔نیپرا کی جانب سے درخواست پر سماعت کے بعد ہی یہ فیصلہ ہوگا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیا جائے گا یا نہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے