برازیل کے اعلیٰ فوجی وفد کی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات
راولپنڈی: برازیل کی مسلح افواج کے اعلیٰ سطح کے وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں وفد کی آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برازیل کے وفد کی قیادت جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریرے نے کی۔ جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔دونوں فریقوں نے پاکستان اور برازیل کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ برازیلی مہمان نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق برازیلی وفد کے سربراہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔ یہ دورہ پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ عسکری تعلقات مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں