پاکستان چیمپئنز ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز سے باہر
پاکستان چیمپئنز کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے این او سی نہ ملنے کے باعث جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت سے محروم ہونا پڑا۔پاکستان چیمپئنز نے تصدیق کی ہے کہ ٹیم جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت نہیں کرسکے گی۔ ٹیم کے مالک کامل خان کے مطابق پی سی بی نے مطلوبہ این او سی جاری نہ کرنے کا اپنا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔کامل خان نے باضابطہ طور پر پی سی بی سے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست کی تھی اور ٹیم کی ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے ہونے والی بات چیت میں بھی مسلسل مصروف رہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی کے اختیار اور اس کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، تاہم اس بات پر افسوس ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو کرکٹ کے عظیم لیجنڈز پر مشتمل عالمی ایونٹ میں پاکستان چیمپئنز کی نمائندگی کا موقع نہیں مل سکے گا۔پاکستان چیمپئنز کے مالک نے کھلاڑیوں اور مداحوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس معاملے میں صبر، سمجھ بوجھ اور مسلسل حمایت کا مظاہرہ کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں