ونیزہ احمد کا خواتین کو نکاح نامہ غور سے پڑھنے کا مشورہ
پاکستان کی معروف سابق سپر ماڈل اور اداکارہ ونیزہ احمد نے خواتین کو شادی سے قبل نکاح نامہ غور سے پڑھنے، اس میں درج شرائط سمجھنے اور اپنے قانونی حقوق سے آگاہ ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ونیزہ احمد نے حال ہی میں واسع چوہدری کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود انہوں نے بھی اپنا نکاح نامہ اس وقت تک نہیں پڑھا تھا جب تک ان کی طلاق کا معاملہ سامنے نہیں آیا۔اداکارہ نے کہا کہ خواتین کو نکاح نامے میں درج شرائط اور اپنے حقوق کے بارے میں سوالات کرنے سے ہچکچانا نہیں چاہیے۔ ان کے مطابق شادی سے پہلے اس اہم دستاویز کو سمجھنا ضروری ہے تاکہ خواتین اپنے حقوق سے لاعلم نہ رہیں۔ونیزہ احمد نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو نکاح نامے کی تمام شقیں پڑھنے اور سمجھنے کی ترغیب دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کے موقع پر اس دستاویز کو محض رسمی کارروائی سمجھنے کے بجائے اس میں درج ہر شرط پر توجہ دینی چاہیے۔اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ بعض اوقات نکاح نامے سے خواتین کے حقوق سے متعلق شقیں نکال دی جاتی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ دستخط کرنے سے پہلے دستاویز کا بغور جائزہ لیا جائے اور اس میں درج تمام شرائط کو اچھی طرح سمجھ لیا جائے۔ونیزہ احمد کے مطابق شادی یقیناً قسمت کا معاملہ ہے، تاہم خواتین کو اپنے مستقبل اور حقوق کے تحفظ کے لیے پہلے ہی آگاہی حاصل کرنی چاہیے۔ ان کی گفتگو میں خواتین کی قانونی آگاہی اور نکاح نامے کو سمجھ کر قبول کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں