جے یو آئی کا 15 اکتوبر کو ملتان میں حکومت مخالف جلسے کا اعلان
لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 15 اکتوبر کو ملتان میں حکومت مخالف جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی محمود کانفرنس جنوبی پنجاب کی سیاسی سمت کا تعین کرے گی، جبکہ مولانا فضل الرحمان احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔جے یو آئی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت مخالف تحریک جماعت کا اگلا قدم ہے۔ جنوبی پنجاب کے مرکز ملتان میں 15 اکتوبر کو مفتی محمود کانفرنس منعقد کی جائے گی، جسے عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف جدوجہد میں اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق مفتی محمود کانفرنس میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دیگر مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان احتجاجی تحریک کے آئندہ مرحلے کا اعلان کریں گے۔جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ جماعت ملک میں قانون کی حکمرانی، صاف و شفاف انتخابات اور عوامی مسائل کے حل کے لیے میدان عمل میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدامنی، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جے یو آئی کے شانہ بشانہ میدان میں نکلیں۔ اسلم غوری نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ یکسوئی، اعتماد اور نظم و ضبط کے ساتھ کانفرنس کی تیاریاں تیز کریں اور گلی گلی، کوچے کوچے جا کر عوام کو جلسے میں شرکت کی دعوت دیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں