دبئی سے اسرائیل جانے والی پرواز میں پائلٹس کی لڑائی، سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ
تبوک: دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں پائلٹس کے درمیان جھگڑے کے بعد طیارے کو سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، واقعے کے دوران پرواز کی جانب سے ہنگامی اور مختصر وقت کے لیے ہائی جیکنگ سے متعلق کوڈ بھی جاری کیے گئے۔دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 نے پہلے ہنگامی صورتحال کی نشاندہی کرنے والا کوڈ 7700 جاری کیا، جس کے بعد مختصر وقت کے لیے ہائی جیکنگ سے متعلق کوڈ 7500 بھی فعال کیا گیا۔فلائٹ ٹریکنگ کے مطابق ہنگامی صورتحال پیدا ہونے کے بعد پرواز کو اردن کی فضائی حدود سے سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا۔ بعد ازاں طیارے کو سعودی فوجی طیاروں نے گھیرے میں لے لیا اور اسے سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔رپورٹ کے مطابق طیارے میں 150 سے زائد اسرائیلی مسافر سوار تھے۔ واقعے کے بعد پرواز میں موجود مسافروں اور عملے کی صورتحال کے حوالے سے بھی حکام کی جانب سے معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کا واقعہ ہائی جیکنگ نہیں تھا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ابتدائی جائزے میں سامنے آیا ہے کہ ہنگامی سگنل کاک پٹ میں پائلٹس کے درمیان جھگڑے کے دوران فعال ہوا۔ تاہم حکام کی جانب سے واقعے کی مکمل وجوہات اور ہنگامی کوڈ کے فعال ہونے کی حتمی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔واقعے کے بعد طیارے کے عملے سے پوچھ گچھ اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ دورانِ پرواز ہنگامی کوڈ کیوں فعال ہوا، ہائی جیکنگ سے متعلق کوڈ مختصر وقت کے لیے کیوں جاری ہوا اور طیارے کا رخ سعودی عرب کی جانب کیوں موڑا گیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں