مائیکرو کاروبار اور ہاؤسنگ قرض کی حد 50 لاکھ روپے کرنے کی تجویز
کراچی: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مائیکرو انٹرپرائزز اور ہاؤسنگ قرضوں کی حد 50 لاکھ روپے کرنے کی تجویز دے دی۔ایس ای سی پی کے مطابق مجوزہ ترامیم شراکت داروں کی مشاورت کے لیے جاری کردی گئی ہیں، جن میں مائیکرو فنانس قرض حاصل کرنے کے لیے سالانہ آمدن کی حد 12 لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔اسی طرح چھوٹے کاروباروں کے لیے سالانہ ٹرن اوور کی حد 3 کروڑ روپے سے بڑھا کر 40 کروڑ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ایس ای سی پی نے درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے بھی سالانہ ٹرن اوور کی حد میں اضافے کی تجویز دی ہے، جس کے تحت یہ حد 40 کروڑ روپے سے بڑھا کر 2 ارب روپے کرنے کی تجویز ہے۔ایس ای سی پی کے مطابق چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے لیے تجویز کردہ حدود اسٹیٹ بینک کی حالیہ تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہیں۔مجوزہ ترامیم پر متعلقہ شراکت داروں سے مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد ان میں مزید تبدیلی یا حتمی منظوری کا فیصلہ کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں