علی ظفر نے کترینہ کیف کی باڈی شیمنگ کی مذمت کردی

پاکستانی اداکار اور گلوکار علی ظفر نے اپنی سابقہ ساتھی اداکارہ کترینہ کیف کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے ان کے بعد از زچگی ظاہری حلیے اور وزن سے متعلق سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کی مذمت کی ہے۔علی ظفر اور کترینہ کیف نے 2011 میں ریلیز ہونے والی رومانوی کامیڈی فلم ’میرے برادر کی دلہن‘ میں مرکزی کردار ادا کیے تھے۔علی ظفر نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں خواتین کے ماضی اور موجودہ حلیے کا موازنہ کرنے والی سوچ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر مردوں کو اپنے رویوں کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معاشرہ اکثر خواتین سے جسم، زندگی اور ظاہری شکل کے حوالے سے مخصوص معیار پر پورا اترنے کی توقع کرتا ہے، تاہم کسی شخص کو اس طرح کے ظاہری پیمانوں کی بنیاد پر دیکھنا مناسب رویہ نہیں۔علی ظفر نے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی ماضی میں دوسروں کے حلیے پر تنقید کرچکے ہیں، تاہم اب وہ اس رویے کو درست نہیں سمجھتے اور اپنے سابقہ طرزِ عمل پر نظرثانی کرتے ہیں۔کترینہ کیف حالیہ دنوں اپنے شوہر وکی کوشل کے ہمراہ عوامی مقامات پر نظر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے وزن میں اضافے سے متعلق تبصروں کا سامنا کر رہی ہیں۔علی ظفر نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کترینہ کیف کی زندگی ہے، انہیں اپنی زندگی جینے دی جائے اور لوگوں کو دوسروں کے بجائے اپنی زندگی پر توجہ دینی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے