پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر کوئی اٹھ کر کہتا ہے کہ پنجاب نے ہمارا حق کھا لیا، حالانکہ پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا بلکہ اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا ہے۔ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی ترقی پر تنقید کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں کو 9 ارب روپے کے سرکاری جہاز سے تکلیف ہے، حالانکہ یہ جہاز ان کا ذاتی نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا سرکاری طیارہ ہے اور وہ اسے اپنے گھر نہیں لے کر جائیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیلاب کے دوران وہ متاثرین کے پاس کشتیوں پر بھی گئی ہیں۔ ہر وزیراعلیٰ کے پاس سرکاری طیارہ موجود ہے لیکن تنقید صرف ان پر کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق تنقید کرنے والوں کو جہاز سے نہیں بلکہ مریم نواز کے کاموں سے تکلیف ہے۔مریم نواز نے بتایا کہ ان کی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب تھی اور جہاز کے استعمال کے اخراجات کی مد میں پونے 3 کروڑ روپے انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے۔انہوں نے خیبر پختونخوا سے آنے والے افراد کے حوالے سے کہا کہ چند افراد پنجاب پر حملہ کرنے آئے تھے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تماشا لگانے کے لیے زبردستی پولیس کی گاڑی میں بیٹھ گئے، تاہم خیبر پختونخوا سے آنے والوں کا لاہور کا دورہ ناکام رہا۔الیکٹرک بس سروس کے حوالے سے مریم نواز نے بتایا کہ اس کا عام کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ عوام کی سہولت کے لیے خواتین، طلبا و طالبات، معذور افراد اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے سفر مکمل طور پر مفت ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گرین بس سروس کو پنجاب کی آخری حد تک پھیلایا جا رہا ہے تاکہ صوبے بھر کے عوام کو جدید، محفوظ اور سستے سفری سہولیات میسر آسکیں۔انہوں نے بتایا کہ ملتان کے تمام روٹس پر گرین الیکٹرو بسیں چلیں گی، جبکہ خصوصی افراد کے لیے وہیل چیئر اور ریمپ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ گرین بسوں میں خواتین کے تحفظ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں رہنے والا ہر شخص ان کی ذمہ داری ہے اور ان کی حکومت میں کوئی شخص بس کی چھت پر سفر نہیں کرے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے صحت کے شعبے میں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے میو اسپتال میں جدید کینسر مشین چین سے لائی گئی تھی، جبکہ دوسری مشین کا ملتان میں افتتاح کرکے آئی ہیں۔ ان کے مطابق اس مشین کے ذریعے دو خواتین کا علاج کیا گیا اور وہ ان کا انٹرویو بھی کرکے آئی ہیں۔ مریم نواز نے بتایا کہ دونوں خواتین کا علاج صرف 45 منٹ میں مکمل ہوا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے